دیوبند کا نیا ترانہ

 شہرِ دیوبند پر 43 اشعار کی نظم ، جس میں 80 اکابرینِ دیوبند کا تذکرہ ہے❣️


دیوبند کی تاریخ کا کردار نرالا

دیوبند ہے اسلام کی عظمت کا حوالہ 


دیوبند کا ہر فرد ہے ملت کا ستارا 

دیوبند کا دستور ہے تکبیر کا نعرہ 


دیوبند ہے توحید کا پیغام جہاں میں

دیوبند نے سنت کو کیا عام جہاں میں


دیوبند صحابہ کے تقدس کا امیں ہے 

دیوبند تو تاریخ کا انمول نگیں ہے 


یہ سیدِ احمد کے خیالات کا حامل 

امداد کی مقبول دعا اس کو ہے حاصل


دیوبند ہے قاسم کے تدبر کی نشانی 

دیوبند سمرقند و بخارا کی کہانی 


دیوبند ہے گنگوہی تفقہ کا علم دار 

دیوبند ہے یعقوب کا اخلاصِ گہربار 


دیوبند ہے محمود کی عظمت کا ترانہ 

یہ حافظِ ضامن کی ہے جرآت کا فسانہ 


دیوبند میں اشرف کی ذہانت کی ہے خوشبو 

دیوبند کا پیغام ہے افلاک میں ہر سوٗ


دیوبند ہے عابد کا ، نعیم اور بدر کا 

دیوبند بنا راہ نما خُلد نگر کا 


احمد کا ، یہ ملت کے مجاہد کا علم ہے 

دیوبند تو نغماتِ حجازی کا رِدھم ہے 


دیوبند میں کشمیر کے انور کی جھلک ہے 

دیوبند میں للکارِ حسینی کی دھمک ہے 


دیوبند ہے شبیر کی شمشیرِ جہاں دار 

دیوبند میں لاہوری ، بخاری کی ہے للکار


دیوبند ہے سندھی کی سیاست کا فسانہ 

دیوبند میں بستی ہے مہک سب سے یگانہ


دیوبند ہے الیاس کی دعوت کا نظارا

دیوبند ہے اسلام کی طاقت کا اشارا


دیوبند کا اعزاز ہے ، یہ فخرِ جہاں ہے 

یہ اندلس و بغداد کی عظمت کا نشاں ہے


یہ شیخ خلیل و زکریا کا قلم ہے 

دیوبند پہ ہر دور میں خالق کا کرم ہے


دیوبند ہے بنوری و حقانی کا مرکز 

یہ شہرِ وفا حضرتِ گیلانی کا مرکز 


اس سلطنتِ علم کے سلطان تھے طیب

دیوبند کی تاریخ کا عنوان تھے طیب 


یہ چاندپوری شیر کی جرآت کا شہر ہے 

درخواستی ، طارق کی یہ ہمت کا شہر ہے


دیوبند کی تلوار تھے نعمانی و صفدر 

دیوبند پہ قربان تھے محمود قلندر  


یہ مفتئ محمود کا ، معراج کا در ہے 

یہ حضرتِ مرغوب کی محنت کا ثمر ہے 


دیوبند شفیع کا ہے ، یہ عثمانِ غنی کا 

دیوبند ہے اسلم کا ، غلامانِ نبی کا


 یہ شہرِ حسیں سالم و انظر کا وطن ہے 

یہ اسعدِ مدنی کے خیالوں کا چمن ہے 


دیوبند ہے یونس کا ، مظفر کا ، علی کا 

دیوبند ہے دہلی کے اسی شاہ ولی کا 


 یہ شہرِ ریاست ہے ، یہ میخانہ سعیدی 

یہ رشکِ ارم، شہرِ اماں، خاکِ وحیدی


دیوبند ہے مدراسی کے خوابوں کی کہانی 

دیوبند ہے نعمانی محدّث کی روانی 


دیوبند ہے ارشد کی بصیرت کا دبستاں 

دیوبند ہے ایمان کی خوشبو کا گلستاں 


دیوبند ہے ستّار کے جذبات کی تصویر 

دیوبند ہے جھنگوی کے خیالات کی تعبیر 


دیوبند ہے احمد کے خیالات کی جنت 

دیوبند ہے خورشید کے اخلاص کی صورت 


دیوبند ہے مہتاب کی مانند جہاں میں

دیوبند ہے مشہور بہت کون و مکاں میں 


دیوبند ہے، مختار کا، واجد کا ، قمر کا

دیوبند ہے عثماں کا ، ندیم اور ظفر کا 


دیوبند ہے مقبول کا ، سلماں کا ، حسن کا 

دیوبند کا ہر پھول ہی غازہ ہے چمن کا 


یہ زرولی تحقیق میں اسلام کی حجت 

یہ فیضِ سواتی کا بھرم ، ان کی محبت 


ابرار کا اخلاص ، یہ ادریس کی گفتار 

دیوبند ہے بدعت کے لیے آہنی تلوار 


دیوبند سلیم اللہ کی بھرپور جوانی 

یہ مفتئ اعظم کی ہے تصویرِ سہانی


دیوبند میں قیصر کا ادب جھوم رہا ہے 

دیوبند میں اسلام کا دل گھوم رہا ہے 


یہ مفتی تقی شیخِ زمن کا ہے قصیدہ

تھے شامزئی ، خان محمد گلِ چیدہ 


یہ فخرِ عرب ، شانِ عجم، نازشِ اسلام 

ایمان کا ، ایقان کا ملتا ہے یہاں جام 


دیوبند سے ہے مفتئ شبیر کو الفت  

دیوبند سے تھی فیضِ وحیدی کو محبت 


دیوبند سے تھی دوست محمد کو عقیدت 

دیوبند کے ہر پیر میں اخلاص کی دولت


دیوبند ہے سفیان کا ، مولانا خضر کا 

دیوبند ہے مقصود مرے عزمِ سفر کا 


دیوبند کے ہر ذرہ میں ایماں کی رمق ہے 

یہ شرک کی تاریکی میں توحیدی شفق ہے


دیوبند انس تیرے خیالوں میں بسا ہے 

دیوبند کی الفت سے ترا قلب سجا ہے 


محمد انس قاسمی بجنوری

مرکز دارالایمان علی پورہ جٹ ضلع بجنور

Comments

Popular Posts